الیکشن کمیشن کا انتخابات 2018 کو شفاف اور غیرجانبداد بنانے کیلئے ملک بھر میں افسران کے تبادلوں کا فیصلہ

جمعرات 7 جون 2018 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 کو شفاف اور غیرجانبداد بنانے کیلئے ملک بھر میں افسران کے تبادلوں کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مرحلہ وار افسران کے تبادلے کیے جائیں گے اور پہلے مرحلے میں صوبائی چیف سیکرٹریز اور آئی جی پولیس تبدیل کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن میں افسران کی سیاسی وفاداریاں پرکھنے کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹریز کو افسران کی فہرستوں پر خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے چاروں صوبوں سے گریڈ 18 سے 22 تک کے افسران کی فہرستیں طلب کی جائیں گے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے نیچے کے افسران کے تبادلوں کیلئے بھی چیف سیکرٹریز کو خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نئی تعیناتیوں کے لیے افسران کی فہرستیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو فراہم کرے گا اور اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں جس کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرائے جارہے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے خصوصی بیلٹ پیپر کے لیے بیرون ملک سے درآمد کردہ کاغذ بھی پہنچ چکا ہے