سپریم کورٹ کی تین روز میں عافیہ صدیقی کے بارے میں رپورٹ عدالت میں جمع کرنے کی ہدایت

جمعرات 7 جون 2018 20:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) سپریم کورٹ نے امریکا میں قید پاکستانی شہری عافیہ صدیقی کی موت سے متعلق گردش کرنے والی رپورٹس کی روشنی میں اٹارنی جنرل اور امریکا میں پاکستانی سفارتخانے سے تین روز میں عافیہ صدیقی کے بارے میں رپورٹ عدالت میں جمع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہرعالم خان میاں خیل پر مشتمل تین رکنی بینچ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عافیہ صدیقی کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کررہی ہیں لہذا اس کانوٹس لیا جائے ۔

سماعت کے دوران عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ امریکا میں پاکستانی قونصل جنرل نے عافیہ صدیقی سے ملاقات کی تاہم جب ان سے اس بات کا سرٹیفکیٹ مانگا گیا تو انہوں نے سرٹیفیکیٹ فراہم نہیں کیا، جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی زندگی کے بارے میں متضاد اطلاعات آرہی ہیں، اٹارنی جنرل اور امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ معلوم کرکے عدالت کو بتائیں کہ عافیہ صدیقی کی اس وقت کیا حالت ہے ۔