وزیراعظم سے صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

دیرینہ تنازعہ کشمیر کے تصفیہ کے لئے بات چیت اور سفارتکاری واحد حل ہے، جسٹس (ر) ناصر الملک کی گفتگو

جمعہ 8 جون 2018 18:01

وزیراعظم سے صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے کشمیری عوام کی اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں کے تحت وعدہ کردہ جائز حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے تصفیہ کے لئے بات چیت اور سفارتکاری واحد حل ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات جمعہ کو صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی ۔صدرآزاد کشمیر نے منصب سنبھالنے پر وزیرا عظم جسٹس ناصر الملک کو مبارکباد دی ۔ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا تنازعہ تشدد اور طاقت کے استعمال کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ اس عشروں پرانے تنازعہ کے تصفیہ کے لئے بات چیت اور سفارتکاری واحد حل ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم کو بتایاکہ پورا آزاد جموں کشمیر جمعہ کو فلسطین اور کشمیر ڈے منا رہا ہے تاکہ بین الاقوامی برادری کو بین الاقوامی اداروں کی متعلقہ قرار دادوں کے تحت ان کی ذمہ داریوں اور ان مسائل کے حل کی یاددہانی کرائی جا سکے۔