کوہاٹ پولیس نے مویشی چوری کرنے کی کوشش ناکام بنا کردو ملزمان کو گرفتار کرلیا

جمعہ 8 جون 2018 18:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) کوہاٹ پولیس نے مویشی چوری کرنے کی کوشش ناکام بنا کردو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ کاروائی میں اعلیٰ نسل کی دو گائے برآمد کرکے واردات میں استعمال ہونیوالی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔مویشیوں کی چور ی میں ملوث زیر حراست ملزمان کے خلاف تھانہ بلی ٹنگ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تھانہ بلی ٹنگ کی حدود میں واقع علاقہ کوٹیڑی سے اعلیٰ نسل کی دو گائے چوری کرلی گئیں۔ جسکی اطلاع گائے کے مالک کفایت اللہ نے مقامی پولیس کو دی۔گائے کی چوری کی اطلاع پر فی الفور کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے تلاش شروع کردی تو سراغ رساں ادارے ڈی ایس بی کی نشاندہی پر چھاپہ مار کاروائی میں کمال خیل روڈ پرایک شہ زور گاڑی کو روک کر اسمیں لدھے چوری شدہ اعلیٰ نسل کی دو گائے برآمد کرلی گئیں۔

(جاری ہے)

کاروائی میں پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی گائے چوری کرنے کی واردات میں ملوث دو ملزمان طارق ولد حمید خان سکنہ موسم خان بانڈہ اور محمد نذیر ولد وزیر سکنہ کمال خیل کو شہ زور گاڑی سمیت گرفتار کرلیا اور انکے خلاف تھانہ بلی ٹنگ میں مویشی چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق زیر حراست ملزمان نے گائے چوری کرنے کی اس واردات سمیت مویشی چوری کی دیگر کئی وارداتوں کا بھی اعتراف جرم کرلیا ہے جن سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :