صوبہ سندھ کی 7رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھا لیا

نگراں وزرا ء میں خیر محمد جونیجو،مشتاق علی شاہ ،جمیل یوسف،کرنل(ر) دوست محمد چانڈیو،ڈاکٹر سعدیہ رضوی،سائمن جان ڈینیل اور ڈاکٹر جنید علی شاہ شامل ہیں

جمعہ 8 جون 2018 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) گورنر ہاؤس میں منعقدہ سادہ اور پروقار تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر نے سندھ کی 7 رکنی نگراں کابینہ کے اراکین سے حلف لے لیا۔ تقریب میں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان بھی موجود تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سیکریٹری سندھ محمد رضوان میمن نے انجام دئیے۔حلف اٹھانے والے نگراں وزرا میں خیر محمد جونیجو،مشتاق علی شاہ ،جمیل یوسف،کرنل(ر) دوست محمد چانڈیو،ڈاکٹر سعدیہ رضوی،سائمن جان ڈینیل اور ڈاکٹر جنید علی شاہ شامل ہیں۔

گورنر سندھ نے نگراں کابینہ کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صوبہ میں صاف و شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات ہماری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہیں کیونکہ ان کے ذریعہ ملک کی مزید معاشی ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نگراں کابینہ پر صوبہ میں ان انتخابات کو پر امن، منصفانہ ، آزادانہ اور صاف و شفاف بنانے کی بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی حلف برداری سے نگراں سیٹ اپ کی تشکیل مکمل ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں تاکہ ان کے مسائل حل ہوسکیں۔