ن لیگ اور پی پی نے ملک کی سیاست کو تہس نہس کرکے رکھ دیا، خرم شیرزمان

ن لیگ نے وفاق اور پی پی نے سندھ میں خوب لوٹ مار کی۔ عوام معصوم تھے،چوروں اور لٹیروں کو اپنا حکمران مان کر منہ تکتے رہ گئے، جنرل سیکرٹری تحریک انصاف کراچی

جمعہ 8 جون 2018 20:53

ن لیگ اور پی پی نے ملک کی سیاست کو تہس نہس کرکے رکھ دیا، خرم شیرزمان
کراچی، (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی پی نے ملک کی سیاست کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ ن لیگ نے وفاق اور پی پی نے سندھ میں خوب لوٹ مار کی۔ عوام معصوم تھے،چوروں اور لٹیروں کو اپنا حکمران مان کر منہ تکتے رہ گئے۔

سابق ایم پی اے خرم شیر زمان نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست لوٹ مار کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا دوسرا نام ہے۔ ن لیگ کے رہنماؤں نے عدلیہ کے خلاف بیان بازی کرکے اپنی کرپشن چھپانے کی کوشش کی۔ ادھر زرداری لیگ نے سندھ میں دس سال تک حکومت کی اور سوائے لوٹ مار کے تمام منصوبے ادھورے چھوڑ دئیے۔

(جاری ہے)

ان دونوں سیاسی جماعتوں نے جس طریقے سے ملک کے وسائل کو ایڑی چوٹی کا زور لگا کر لوٹا ، اگر اس کی عشر عشیر کوشش بھی حقیقی کاموں میں کرتے تو آج ہمیں ملک کچھ نہ کچھ ترقی کرتا دکھائی دیتا۔ پاکستان کی بدقسمتی یہ ہے کہ حکمرانوں کے نام پر اسے ہمیشہ چور اور لٹیرے ہاتھ آئے جنہوں نے بے دردی سے اس ملک کے عوام سے روٹی ، کپڑا اور مکان چھینا۔ ن لیگ کے اہم ترین رہنما چوری ، بدعنوانی اور اقربا پروری میں ملوث پائے گئے۔

پی پی نے سندھ کو لوٹ لوٹ کر کنگال کردیا۔ آج کراچی کچرے کا ڈھیر اور سندھ کھنڈر بن چکا ہے اور یہ لوگ دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔ کراچی ، سندھ اور پورے پاکستان کے لیے یہی سنہرا موقع ہے۔ انہیں ووٹ نہ دے کر، ان کی ضمانتیں ضبط کروادیں اور سیاسی میدان میں انہیں بہترین سبق سکھائیں۔