تحریک انصاف کا ایک اور کارنامہ

نازیہ راحیل نے ٹکٹ مسلم لیگ ن سے مانگا جبکہ بن پوچھے ٹکٹ تحریک انصاف نے دے دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 8 جون 2018 22:32

تحریک انصاف کا ایک اور کارنامہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 08 جون 2018ء) :تحریک انصاف کا ایک اور کارنامہ منظر عام پر آگیا۔ نازیہ راحیل نے ٹکٹ مسلم لیگ ن سے مانگا جبکہ بن پوچھے ٹکٹ تحریک انصاف نے دے دیا۔نازیہ راحیل 2مرتبہ مسلم لیگ ن کی جانب سے رکن اسمبلی رہ چکی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک بھرسے اپنے انتخابی امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے ۔

صرف کچھ حلقوں کے علاوہ باقی تمام حلقوں کا فیصلہ ہو چکا ہے اور امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دئیے گئے ہیں ،اس موقع پر بھی پاکستان تحریک انصاف نے غلطیاں کرنے اور یو ٹرن لینے کی روایت کو نہیں چھوڑا۔اس سلسلے میں جو سب سے بڑی غلطی سامنے آئی وہ یہ تھی کہ پاکستان تحریک انصاف نے بغیر پوچھے ہی نازیہ راحیل کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

نازیہ راحیل نہ تو پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں اور نہ ہی انہوں نے ٹکٹ کے لیے پاکستان تحریک انصاف سے رابطہ کیا تھا لیکن آج جب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے ٹکٹ ہولڈرز کی فہرست ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی تو اس میں نازیہ راحیل کا نام بھی موجود تھا حالانکہ نازیہ راحیل نے مسلم لیگ ن میں ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا ہوا ہے اور وہ اس سے پہلے بھی 2 مرتبہ مسلم لیگ ن کی ٹکٹ سے رکن اسمبلی رہ چکی ہے ۔

اس سلسے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نازیہ راحیل کا کہنا تھا کہ یہ خبرجو میڈیا پر چل رہی ہے میں اس کی تردید کرتی ہوں اور یہ کہنا چاہتی ہو ں کہ جیسا جھوٹا انکا لیڈر ہے ، جیسی جھوٹی انکی قیادت ہے ویسی ہی جھوٹی انکی ویب سائٹ بھی ہے۔انکا کہنا تھا کہ میں2008اور 2013میں مسلم لیگ ن کی ٹکٹ سے منتخب ہو چکی ہوں اور اس مرتبہ بھی ٹکٹ لیے درخواست دی ہوئی ہے اور ان الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن کی ٹکٹ سے ہی لڑوں گی۔انکا کہنا تھا کہ میں نے اس حوالے سے اپنے وکیل سے مشاورت کی ہے اور ممکن ہے کہ ان کے اس اقدام پر میں انکے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں۔