پیپلز پارٹی بلارنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، حاجی علی مدد جتک

جمعہ 8 جون 2018 23:16

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلارنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ملک میں جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی نے جتنی قربانیاں دی ہیں اتنی قربانیاں کسی جماعت نے نہیں دیں ظالم کا مقابلہ کرنا پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے ،پیپلز پارٹی کے کارکن 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھر پور جدوجہد کریں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو صوبائی کونسل کے ممبر سمیع بڑیچ ،شریف توخئی ، صدیق ترین ، سپورٹس ونگ کے صدرشہزادہ کاکڑ، عبدالباری موسیٰ خیل ،میڈیا سیل کے انچارج حیات خان اچکزئی،ندیم آفریدی ، بابل بنگلزئی ،غفور جعفر اوردیگر کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سیاسی جماعت نہیں عزم وہمت کی داستان ہے جسے ہر سیاستدان کو پڑھنا چاہیے پیپلز پارٹی کے کارکن ہی پارٹی کا اثاثہ ہیں بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے متحرک ہونے سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، پیپلزپارٹی کے کارکنان ہی ہیں جو جمہوریت کی خاطر پھانسی کے پھند ے پر جھول جاتے ہیں، جتنی قربانیاں پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے دی ہیں اتنی قربانیاں کسی جماعت نے نہیں دیں، ظالم کا مقابلہ کرنا پارٹی کا منشور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ظالم کا مقابلہ کیا اور اپنی جان کا نذرانہ دیا ہم شہید بھٹو کے کارکن ہیں ہم نہ ڈرتے ہیں اور نہ جھکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عام انتخابات 2018ء کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے جس کاباقاعدہ آئندہ آئندہ ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کا سورج پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا پیپلز پارٹی کے کارکن پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھر پور جدوجہد کریں ۔