ٹریفک پولیس اہلکاروں کی موٹرسائیکل سواروں سے عیدی کے نام پر لوٹ مار قابل مذمت ہے ،خواجہ طارق نذیر

ٹریفک پولیس کی نااہلی کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، اعلیٰ حکام صورت حال کا فوری نوٹس لیں ،سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ(ن)سندھ

ہفتہ 9 جون 2018 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں سے عیدی کے نام پر بدترین لوٹ مار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کی نااہلی کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ حکام صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کو تنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں ۔

ہفتہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور شہری عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں تاہم ٹریفک پولیس نے کراچی کے شہریوں کے لیے عید کی شاپنگ کو وبال میں تبدیل کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

جگہ جگہ شاہراہوں پر موٹرسائیکل اور رکشہ سواروں کو کاغذات اورلائسنس کے نام پر تنگ کیا جارہا ہے اور عیدی کے نام پر بھاری رشوت وصول کی جارہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ٹریفک پولیس کی بنیادی ذمہ داری شہر میں ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنا ہے تاہم وہ اپنے فرائض سے غفلت برتتے ہیں جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے خصوصاً تجارتی علاقوں میں ٹریفک نظام درہم برہم ہے ۔خواجہ طارق نذیر نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو ہراساں اور تنگ کرنے کا نوٹس لیں اور غریب عوام سے عیدی کے نام پر رشوت وصول کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔