لنڈی کوتل طورخم اسٹیشن میں خوگہ خیل قومی مارکیٹ کے تین سالوں سے بند راستے سیکورٹی کھول دیئے گئے

ہفتہ 9 جون 2018 18:35

خیبرایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) لنڈی کوتل طورخم اسٹیشن میں خوگہ خیل قومی مارکیٹ کے تین سالوں سے بند راستے سیکورٹی فورسزاورپولیٹکل اانتظامیہ حکام نے کھول دیئے انسپکٹرجنرل فرنٹیئرکور نے مقامی حکام کوتجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے احکامات جاری کیے تھے ،ان راستوں کو تین سال قبل عارضی دیواریں تعمیر کرکے بندکردیا گیا تھا ۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کمانڈنٹ خیبررائفلزکرنل فرخ ہمایون اور اسسٹنٹ کمشنرلنڈی کوتل نیازمحمد نے مذکورہ بند راستوں میں حائل دیوار گرانے کیلئے موقع پر احکامات جاری کردیئے جس کے بعد خوگہ خیل قومی مارکیٹوں کے بند راستے کھول گئے اور تاجروں میں خوشی کی لہردوڑ گئی،اس موقع پر ٹوچی سکاوٹس کے کمانڈرلیفٹیننٹ کرنل مبشر، تحصیلدارطورخم تحسین اللہ، طورخم کسٹم کلئیر نس ایجنٹس کے چیئرمین معراج الدین شنواری، حاجی زرقیب شنواری، حاجی عظیم اللہ حاجی ناصر شنواری، ملک تاج الدین، ملک خطاب گل، ملک دادول اوردیگر مشران بھی موجود تھے طورخم میں خوگہ خیل قومی مارکیٹ کا راستہ کھولنے پر خوگہ خیل قوم کے مشران اور عوام نے سیکورٹی فورسز اورپولیٹیکل انتظامیہ کے حکام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے سنگ میل قرار دیا ہے یادرہے کہ مذکورہ عارضی دیوار طورخم میں نیشنل لاجسٹکس سیل حکام نے قریبا'' تین سال قبل تعمیر کیا تھا جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی تھیں اور مارکیٹ کا بیشترحصہ بندہوگیا تھا جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد بے روزگار ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال پر کاروباری ودیگرمکاتب فکر کے لوگوں کے علاوہ خوگہ خیل قوم مسلسل سراپاء احتجاج رہی بالآخر سیکورٹی فورسز وپولیٹیکل انتظامیہ نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آج قومی مشران کے ہمراہ ازخود دیوار گرانے کیلئے پہنچے جس کے بعد آمدورفت کیلئے راستے کھل گئے۔طورخم میں کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاک افغان تجارتی سرگرمیوں کو دوام ملے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید بڑھ جائینگے اور باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی۔

متعلقہ عنوان :