پشاور، تاجر تنظیموں نے کارخانوں مارکیٹ میں دکانوں کے تالے توڑنے کرکپڑا تحویل میں لینے کیخلاف ہڑتال کی دھمکی دیدی

ہفتہ 9 جون 2018 18:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) پشاورکی مختلف تاجر تنظیموں نے کسٹم حکام کی جانب سے کارخانوں مارکیٹ میں کپڑے کی دکانوں کے تالے توڑنے اور کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا تحویل میں لینے سے پشاورمیں شٹر ڈائون ہڑتال کی دھمکی دیدی۔ مختلف تاجر تنظیموں کا اجلاس زیر صدارت تاجر انصاف صدر شاہد خان منعقد ہوا جس میں مختلف تنظیموں اور بازاروں کے صدور سمیت دیگر تاجروں نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خان نے کہا کہ گزشتہ دنوں کسٹم حکام کی جانب سے تجارتی مرکز کارخانوں کے ہارون مارکیٹ میں قائم دکانوں کے تالے توڑ دیئے اور دکانوں میں پڑا کروڑوں روپے کا مال اور دو کروڑ سے زائد نقدی لے اڑے جو انہیں زیب نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم حکام غیر قانونی طریقے اور مارشلائی انداز میں کارروائیاں نہیں بلکہ چوری و ڈکیتی کر رہے ہیں جس کے حوالے سے پشاور پولیس سربراہ سے ملاقات کی ہے اور انہیں تمام تر صورتحال سے آگاہ کردیا ہے جس پر انہوں نے دو دن کا وقت دیا اور کہا کہ ان کا مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

تاجر تنظیموں نے دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر ان کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ پشاور بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری کسٹم اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :