امریکہ نے افغان حکومت کا اعلان جنگ بندی مسترد کر دیا

حملوں کے پیش نظر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی،ٹرمپ

پیر 11 جون 2018 18:33

امریکہ نے افغان حکومت کا اعلان جنگ بندی مسترد کر دیا
واشنگٹن /کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) امریکہ نے افغان حکومت کی جنگ بندی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے طالبان اور دیگر جنگجوئوں خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا، حملوں کے پیش نظر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں سینئر ملٹری کمانڈر کی جانب سے طالبان اور داعش کے خلاف نئی جنگی حکمت عملی وضع کرنے کے بعد امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگرنس کو دو ٹوک جملوں میں کہہ دیا ہے کہ افغانستان میں امریکی حملے جاری رکھے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگرنس کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ امریکا افغانستان میں طالبان اور دیگر جنگجوں کے خلاف اپنی مسلح کارروائیاں جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ افغان حکومت، افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکورٹی فورسز کو درپیش طالبان اور داعش کے حملوں کے پیش نظر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے امریکی قانون سازوں کو مطلع کیا کہ طالبان کے خلاف بھی جنگی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ افغان حکومت نے عیدالفطر کے پیشِ نظر طالبان کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ افغان صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی 27ویں روزے سے لے کر عید الفطر کے 5 ویں روز تک رہے گی۔