Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا

پیر 11 جون 2018 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کے معاملے پر دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا،تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی اکاؤنٹس کی معلومات فریق مخالف کو دینے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس ،الیکشن کمیشن کی طرف سے پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی معلومات مبینہ طور پر اکبر ایس بابر کو دینے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ڈیٹا فراہم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں،اکبر ایس بابر ہماری جماعت کے ممبر نہیں ہیں، انہیں یہ ڈیٹا فراہم نہیں کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو 88فیصد دستاویزات جمع کراچکے ہیں، مزید بھی جلد فراہم کردیں گے،پتہ نہیں الیکشن کمیشن ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیوں کررہا ہے، ایک خاتون نے ہماری جماعت چھوڑ کر اپنی جماعت بنا لی،الیکشن کمیشن نے پھر بھی اس خاتون کو ہمارا ممبر قرار دیا۔

اس موقع پر اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن کمیشن کو کوئی ڈیٹا فراہم نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اکبر ایس بابر اب بھی پی ٹی آئی کے رکن ہیں، الیکشن کمیشن میں جو بھی دستاویزات کرائی وہ تمام پی ٹی آئی کی اپنی ہیں، اپنی طرف سے کوئی بھی دستاویز نہیں دی، انہی کی دستاویزات پر انحصار کیا۔۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات