فنکار سماج کو توانا رکھنے اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کمشنر ساہیوال

فنکاروں کی حوصلہ افزائی سے ہی علاقائی فن کو فروغ ملے گا جو معاشرے میں رواداری کے فروغ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر علاقے کی پہچان کا سبب بنے گا ، امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

پیر 11 جون 2018 20:30

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادرقاضی نے کہا ہے کہ فنکار سماج کو توانا رکھنے اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہی کی بدولت خطے کی ثقافتی پہچان ممکن ہوتی ہے ۔بہترین معاشرے اپنے فنکاروں او رادیبوں کے فن کی نہ صرف قدر کرتے ہیں بلکہ اس کے فروغ میں حصہ بھی ڈالتے ہیں تا کہ دوسرے معاشروں سے میل جول میں اضافہ ہو ۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں انفارمیشن اینڈ کلچر کی طرف سے ساہیوال ڈویژن کے فنکاروں میں امدادی چیک تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن میاں جمیل احمد اور ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی سے ہی علاقائی فن کو فروغ ملے گا جو معاشرے میں رواداری کے فروغ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر علاقے کی پہچان کا سبب بنے گا ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ مالی امداد سے نہ صرف فنکاروں کو مالی آسودگی حاصل ہو گی بلکہ نئے فنکاروں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی اور ان میں مختلف فنون سیکھنے کا جذبہ پیدا ہو گا ۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے بتایا کہ محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر نے صوبے بھر میں فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ سے ایسے فنکاروں کی مالی امداد کی ہے جن کی ماہانہ آمدنی 15ہزار روپے سے کم ہو اور صوبے بھر میں 1200آرٹسٹوں میں 60ہزار روپے فی کس تقسیم کیا جا رہا ہے جن میں ساہیوال ڈویژن کے 6فنکار بھی شامل ہیں اور یہ مالی امداد کا سلسلہ اگلے مالی سال میں بھی جاری رہے گا ۔

اس موقع پر کمشنر ساہیوال علی بہادرقاضی نے احمد بخش (خطاط /پینٹر)‘ عبدالشکور (خطاط /پینٹر)‘محمد یونس (خطاط /پینٹر)‘شاہ جہاں(خطاط /پینٹر)‘محمد نعیم (گلوکار )اور نیاز احمد (گلو کار )کو 60،60روپے کے امدادی چیک بھی دیئے ۔

متعلقہ عنوان :