Live Updates

عمران خان نے ننگے پاؤں جہاز سے اُترنے کی وجہ بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 جون 2018 14:33

عمران خان نے ننگے پاؤں جہاز سے اُترنے کی وجہ بتا دی
سعودی عرب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ چئیرمین عمران خان جب گذشتہ روز اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے،تو انہوں نے ازراہ عقیدت ننگے پاؤں سرزمین حجاز پرقدم رکھا۔اس بات کو ان کے سپورٹرز اور مذہبی حلقوں کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دی ، مسجد نبوی ﷺ میں نوافل ادا کیے اور ملکی سلامتی کے لیے دعائیں بھی کیں ، عمران خان آج عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ جائیں گے ۔  پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے جب جہاز سے ننگے پاؤں اترنے کی وجہ دریافت کی گئی تو انہوں نے جواب دیا کہ جہاز سے ننگے پاؤں نیچے اس لیے آیا کیوں کہ ایسا امام مالک کیا کرتا تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے سترہ برس کی عمر میں مدینے میں درس و تدریس کی مسند سنبھالی۔ آپ حدیث کا درس بڑے ادب و احترام سے دیا کرتے تھے، غسل کرتے، صاف ستھرا لباس پہنتے، خوشبو لگاتے اور پھر درس کی مسند پر تشریف فرما ہوتے۔ امام مالک بیک وقت حدیث اور فقہ کے امام تھے۔ آپ کے طرزِ فکر میں حدیث اور فقہ کا حسین امتزاج ملتا ہے۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بھی امام مالک کی طرح ہی مدینہ کی سرزمین پر قدم رکھنے سے قبل اپنے جوتے اُتار دئے اور ننگے پاؤں ہی مدینہ کی پاک سر زمین پر قدم رکھا۔ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مسجد نبوی ﷺ میں موجودگی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، عمران خان نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب سعودی عرب میں گزاری۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ کی اکٹھے عبادت کرنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی جسے سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات