پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات میں روز بروزاضافہ ہورہا ہے،گورنر بلوچستان

بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے،دوسرے ملکوں کے سرمایہ پاکستان سمیت بلوچستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں،محمد خان اچکزئی

منگل 12 جون 2018 22:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات ہیں جس میں روز بروزاضافہ ہورہا ہے اورابتک دونوں ملکوں کے درمیان 1ارب 50کروڑ کی تجارت ہورہی ہے اور آئندہ دس سال میں جس میں مزید اضافہ ہوگا،بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے اور دوسرے ملکوں کے سرمایہ پاکستان سمیت بلوچستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے منگل کو قونصل اسلامی جمہوریہ ایران آگائے محمد رفیعی کی جانب سے دیئے گئے افطار و ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بلوچستان اسمبلی کی اسپیکر محترمہ راحیلہ حمید درانی ،میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ،میجر ریٹائر نادر علی ہزارہ ، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان روف عطا ،جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولاناعبدالحق ہاشمی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق ایم این اے آغا ناصر شاہ ،سابق رکن قومی اسمبلی خلیل جارج بھٹو،ایران کے ربیع احمد ممتاز علماء کرام عبدالقدوس ساسولی،سید حبیب اللہ شاہ،سمال انڈسٹری اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں ، ممتاز قبائلی رہنما سردار محمداقبال خلجی سمیت معزز شہریوں ،قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے راستے تجارت میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ اب بلوچستان میں وہ صورتحال نہیں ہے جو پہلے تھے جو بھی سرمایہ کاری کریگا اسے حکومت مکمل تحفظ فراہم کریگی ہمارے ہمیشہ ایران سے دوستا نہ تعلقات رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ایران کے قونصل جنرل محمدرفیعی نے کہاکہ ایران اور پاکستان اپنے تاریخی ،ثقافتی اور دینی رشتوں کی بدولت ہمیشہ سے دوستانہ وقریبی تعلقات کے ذریعے نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی امن و تعاون کے ساتھ خطے میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں تاریخی اورثقافتی قربتوں کے علاوہ ایران اور پاکستان کے عوام کے مابین ہمسائیگی اور علاقائی مواقعوں کی بدولت ہمیشہ سے اقتصادی اور تجارتی شعبوں میںتعلقات قائم و دائم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا مجموعی حجم ایک ارب 200ملین ڈالر تک بڑھ چکی ہے ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کرنسی کیلئے اتھائے گئے حالیہ اقدامات سے یہ حجم مزید بڑھے گا ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہمسائیگی اورسینکڑوں کلومیٹر مشترکہ سمندری اور زمینی بارڈر کی بناء پر تجارت کو فروغ دینے میں صوبہ بلوچستان کا بہت اہم کردار ہے ابھی بھی دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے تجارت کا بڑھا حصہ روڈ اور ریلوے لائن کے ذریعے اسی صوبے سے سرانجام پا رہے ہیں۔