Live Updates

نگران وزیر داخلہ عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر نکلے

عمران خان تین گھنٹے سے زائد ایئرپورٹ پر زلفی بخاری کے لیے انتظار کرتے رہے ،ْنگران وزیر داخلہ کی ہدایت زلفی بخاری کو بیرو ن ملک سفر کی اجازت ملی

بدھ 13 جون 2018 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) نگران وزیر داخلہ عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر نکلے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نگران وفاقی وزیر داخلہ اعظم خان عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر نکلے اور ان کا نام عمران خان فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر بطور بورڈ ممبر موجود ہے۔ذرائع کے مطابق اعظم خان نے 11-2010 میں لاہور میں عمران خان فاؤنڈیشن کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں شرکت بھی کی تھی۔

دوسری جانب نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے امدادی کارروائیوں کی مہارت پر مجھے فاؤنڈیشن میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان فائونڈیشن میں رضاکارانہ طور پر دکھی لوگوں کی خدمت کی لیکن 2011 کے بعد عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کسی بھی میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔

(جاری ہے)

اعظم خان کا کہنا ہے کہ دیگر خیراتی اداروں میں بھی دکھی انسانیت کیلئے کام کر چکا ہوں۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق امیگریشن حکام نے بلیک لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے زلفی بخاری کو سفر کرنے کی اجازت نہیں دی تھی لیکن عمران خان زلفی بخاری کو ساتھ لے کر جانے پر اصرار کرتے رہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان تین گھنٹے سے زائد ایئرپورٹ پر زلفی بخاری کے لیے انتظار کرتے رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری داخلہ نے نگران وزیر داخلہ کی ہدایت پر زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکال کر انہیں سعودی عرب جانے کے لیے سفر کرنے کی اجازت دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات