بلدیہ شرقی میں وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا

پرائیویٹ، پبلک تعاون کے بغیر درختوں کو پروان چڑھانا ممکن نہیں ہے، شہری بھی ہریالی مہم میں شامل ہو جائیں، معید انور

جمعرات 14 جون 2018 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی اورکراچی کے ایکو سسٹم کی بقا کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم ناگزیر ہے اسی سلسلے میں بلدیہ شرقی اپنی سطح پر کردار نبھا رہا ہے کء ماہ سے کہیں نہ کہیں شجرکاری مہم کر رہے ہیں لیکن مہم کی کامیابی کا دارومدار شہریوں کی ہریالی مہم میں بھرپور شرکت ہے اشتراک عمل سے ہی شہر کو ہرا بھرا بنا سکتے ہیں شہر وضلع کو ہرا بھرا رکھنے کیلئے شجرکاری مہم جاری ہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں نیم و دیگر ماحول دوست درخت لگائے جا رہے ہیں، اب ہریالی کے بغیر زندگی کا تصور ممکن دکھاء نہیں دیتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 22 کے چیئرمین عبدالسلام کے ہمراہ گلشن اقبال بلاک 16 ستار مسجد سے متصل سڑک پر شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئیکیا ، علاقہ مکینوں نے اس موقع پر چیئرمین معید انور کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ مہم کا حصہ بن کر درختوں کی افزائش کو بڑھایا جا سکے، چیئرمین معید انور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ہمارے یہاں درختوں کی افادیت پر اتنا زور نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے شہر میں آلودگی میں کئی گنااضافہ ہوا ہے اور پچھلے کچھ سالوں میں گرمی کی شدت بھی ناقابل برداشت حد تک بڑھ گئی ہے لہذا ہنگامی بنیادوں پر شجرکاری کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے بتایا کہ شجرکاری مہم کے پہلے مرحلے میں سینٹرل آئی لینڈاور اہم شاہراہوں پر درخت لگائے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں ہر علاقے کے چپے چپے میں شجرکاری مہم کو یقینی بنایا جائیگا، انہوں نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم کو اپنا دینی فریضہ سمجھ کر اپنا جو بھی حصہ دے سکتے ہیں وہ دیں تاکہ اس ماحولیاتی تبدیلی سے ہم بہتر طریقے سے نبرد آزما ہوسکیں۔