کے پی فوڈ اتھارٹی کی عید سے قبل بڑی کاروائی، بیکریوں اور کنفیکشنرز کیخلاف دس لاکھ کے جرمانے

جمعرات 14 جون 2018 18:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے عید سے قبل بیکریوں، مشروبات اور حلوائیوں کیخلاف خصوصی کاروائی کرتے ہوئے صوبے کے مختلف اضلاع میں چھاپوں کے دوران دس لاکھ کے جرمانے عائد کردیے ہیں جبکہ بھاری مقدار میں مضر صحت اشیایے خوردونوش کو تحویل میں لیکر ضائع کیا گیا جبکہ 15 بیکریوں اور دو مشروبات فیکٹریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تالے لگائے گئے ہیں۔

ترجمان کے پی فود اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق پشاور میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم خصوصی کریک ڈان کے دوران آٹھ بیکریوں کو سیل کردیا جبکہ تین سو کلو سے زائد ملاوٹی بیکری کو تلف کردیا۔ ٹیم نے دلہ زاک، ورسک اور رنگ روڈ، گلبہار، پشاور صدر، حیات آباد اور یونیورسٹی روڈ پر واقع مختلف بیکریوں پر چھاپے مارے اور بیکریوں کی خستہ حالی اور خراب خام مال کے استعمال ہر متعدد بیکریوں کیخلاف کاروائی کی اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف پانچ لاکھ کے جرمانے عائد کردئے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مردان میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ مارکر ہزاروں لیٹر مضر صحت مشروبات ضائع کرکے فیکٹری کو سیل کردیا جبکہ بنوں میں بھی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے ایسی ہی ایک فیکٹری کو سیل کردیا جو کہ جعلی مشروبات بنارہی تھی۔ترجمان کے مطابق سوات میں بھی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تینوں تحصیلوں میں خصوصی اپریشن کے دوران تین بیکریوں کی چیکنگ کی جس میں پانچ بیکریوں کو سیل کردیا جبکہ دو لاکھ کے جرمانے بھی عائد کردیے ہیں۔

ادھر ڈی آئی خان میں حلوائیوں کے خلاف کریک ڈان کے دوران دس حلوائیوں کی چیکن ہوئی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر دو حلوائیوں پر ڈیڑھ لاکھ کے جرمانے عائد کردئے گئے۔دوسری جانب کوہاٹ میں لاچی اور سٹی میں بھی متعدد بیکریوں کی چیکنگ ہوئی جس کے دوران پانچ بیکریوں کو سیل کردیا گیا جبکہ تین لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کردئے گئے۔ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری اور صحت مند خوراک کی فراہمی کیلئے عید کریک ڈان جاری رہے گا جس کیلئے ایمرجنی نمبروں کا اجرا بھی کیا گیا جبکہ فوڈ اتھارٹی کے تمام دفاتر عید میں بھی فعال رہینگے۔