Live Updates

پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر اہل خواتین کو نظر انداز کرنے پر احتجاج شدت اختیار کر گیا

عمران خان نے از سر نوغور کاعندیہ دینے کیساتھ بابر اعوان سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی فہرست پر قانونی رائے طلب کر لی

جمعہ 15 جون 2018 17:34

پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر اہل خواتین کو نظر انداز کرنے پر احتجاج ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) تحریک انصاف میں فیورٹ ازم اور لابنگ کے ذریعے مخصوص نشستوں کی فہرست میں اہل اور پارٹی کیلئے خدمات سر انجام دینے والی خواتین کو نظر انداز کرنے پر احتجاج شدت اختیار کر گیا ،عمران خان نے از سر نوغور کاعندیہ دینے کے ساتھ معروف قانون دان بابر اعوان سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی فہرست کے معاملے پر قانونی رائے طلب کر لی ۔

ذرائع کے مطابق احتجاج کرنے والی خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ خواتین ونگ کی سابقہ صدر منزہ حسن اور عالیہ حمزہ نے پارٹی کیلئے کئی سالوں سے خدمات سر انجام دینے والی اور سیاسی سوجھ بوجھ رکھنے والی خواتین کو اپنے لئے خطرہ سمجھتے ہوئے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جان بوجھ کر فہرست سے آئوٹ کرایا ۔

(جاری ہے)

ان خواتین کا کہنا ہے کہ اس طرح کا اقدام تحریک انصاف اور خود پارٹی چیئرمین عمران خان کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے جس سے پارٹی کونا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

خواتین کا کہنا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست کے ذریعے میرٹ کا قتل عام کیا گیا ہے اور قیادت کو اس کا ہر صورت ازالہ کرنا چاہیے اور آئندہ فیصلہ سازی میں ان خواتین سے رائے لینے سے اجتناب کیا جائے ۔ ان خواتین کا کہنا ہے کہ منزہ حسن اور عالیہ حمزہ نے فہرست میں ان خواتین کو شامل کرایا ہے جن کی پارٹی کے اندر اور فیلڈ میں کوئی خدمات نہیں بلکہ ’’یس میم ‘‘ اور ’’پرسنل سروسز ‘‘کو میرت بنا دیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق احتجاج میں شدت آنے کے بعد عمران خان نے بھی اس کا نوٹس لیتے ہوئے از سر نوغور کا عندیہ دیتے ہوئے پارٹی رہنما اورمعروف قانون دان بابر اعوان سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی فہرست کے معاملے پر قانونی رائے طلب کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن میں جمع ہونے والی ترجیحی فہرست میں تبدیلی نا ممکن ہے البتہ آئندہ فیصلہ سازی اور مشاورت کے عمل میں مذکورہ دونوں خواتین سے قدرے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات