کوئٹہ، ہرنائی اور گردونواح کے پہاڑی سلسلوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی

طغیانی کے باعث ہرنائی، پنجاب قومی شاہراہ پر تین مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی

پیر 18 جون 2018 13:10

کوئٹہ/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب ہرنائی و گردونواح اور پہاڑی سلسلوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ہرنائی، ضلع ژوب،کوہلو اور شیرانی میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ،ْکوہ سلیمان کے پہاڑوں پر بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔

(جاری ہے)

طغیانی کے باعث ہرنائی، پنجاب قومی شاہراہ پر تین مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی ،ْٹریفک کی معطلی سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور پنجاب کے شہروں ملتان، خانیوال، وہاڑی ،ٹانک، چیچہ وطنی، راجن پور اور پاکپتن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے مردان، کوہاٹ، ہزارہ، راولپنڈی،گجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔