صوبائی حکومت پر امن اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کیلئے پر عزم ہے ،نگران وزیر اطلاعات بلوچستان

الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے،ملک خرم شہزاد

پیر 18 جون 2018 14:20

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر اطلاعات ، انفارمیشن و ٹیکنالوجی ملک خرم شہزاد نے کہا کہ صوبائی حکومت پر امن اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کیلئے پر عزم ہے ،الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے،نگران حکومت الیکشن کے دوران قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ،انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی برداشت نہیں کرینگے ،صوبے میں امن و امان بحال ہوا ہے بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے سرکٹ ہائوس سبی میں عید ملنے والے مختلف قبائلی معتبرین ،عمائدین،اور صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میر امداد مری،مظفر مری،وقار عطاری ،سبی پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ سلیم گشکوری،میاں محمد یوسف،ذکاء الحسن گجر،یوسف مروت اور دیگر موجود تھے ،انہوںنے کہا کہ الحمد اللہ بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے اور صوبہ معاشی و اقتصادی اعتبار سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے جس سے عوام کے معیار زندگی میں یقینا بدلائو آئیگا انہوںنے کہا کہ نگران حکومت کی حتی الوسع کوشش ہے کہ عام انتخابات پرامن ماحول میں آزادانہ و غیر جانبدارنہ منعقد ہو جبکہ الیکشن میں کسی قسم کی دھاندلی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ،گڑ بڑکرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا انہوںنے کہا کہ نگران حکومت مختصر وقت کیلئے اقتدار میں آئی ہے اور ہمارے تمام تر توجہ انتخابات کا شفاف اور منصفانہ انعقاد ہے انہوںنے کہا کہ انتخابات اپنے مقرروقت پر ہونگے ۔