روسی صدر پیوٹن سے موسم گرما میں ملاقات متوقع ہے، امریکی صدر

روس کو گروپ سیون میں شمولیت کی اجازت دی جانی چاہیے،اوباما پیوٹن سے ذاتی رنجش رکھتے تھے ، ٹرمپ

پیر 18 جون 2018 14:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن سے موسم گرما میں ملاقات متوقع ہے، روس کو بڑے صنعتی ممالک کے گروپ سیون میں دوبارہ شامل ہونے کی اجازت دی جانی چاہیے،اوباما پیوٹن سے ذاتی رنجش رکھتے تھے ،بہتر ہے کہ روس کو ساتھ لے کر چلا جائے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ ممکن ہے کہ وہ اس موسم گرما میں روس کے صدر ولادیمر پوٹین سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک بار پھر ٹرمپ نے اس بات پر اصرار کیا کہ روس کو بڑے صنعتی ممالک کے گروپ سیون میں دوبارہ شامل ہونے کی اجازت دی جانی چاہیے۔انھوں نے اس گروپ سے روس کے اخراج کا الزام یہ کہتے ہوئے سابق صدر باراک اوباما پر عائد کیا کہ میرے خیال میں صدر اوباما پوٹین کو پسند نہیں کرتے تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ کہیں بہتر ہے کہ ہم روس کے ساتھ چلیں۔یوکرین کے ایک علاقے کرائمیا کے روس کے ساتھ الحاق کی وجہ سے گروپ ایٹ سے روس کو علیحدہ کردیا گیا تھا جس کے بعد سے یہ گروپ سیون کہلاتا ہے۔