افتخار چوہدری نے جس بیہودگی کا انتخاب کیا تھا انہیں اس کا جواب مل گیاہے ، اسلام آباد کے علاوہ تمام حلقوں سے چیئرمین تحریک انصاف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں،افتخار جتنی شرمندگی چاہیں سمیٹیں، عمران خان کا رستہ نہیں روک پائینگے

مرکزی سینئر نائب صدر تحریک انصاف ڈاکٹر بابر اعوان کا بیان

منگل جون 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2018ء) مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر بابر اعوان نے کہاہے کہ افتخار چوہدری نے جس بیہودگی کا انتخاب کیا تھا انہیں اس کا جواب مل گیاہے ،الحمدللہ اسلام آباد کے علاوہ تمام حلقوں سے چیئرمین تحریک انصاف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں، وہ اپنے لئے جتنی شرمندگی چاہیں سمیٹیں، عمران خان کا رستہ نہیں روک پائیں گے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے تکنیکی وجوہات کی بنیادپر عمران خان کے کاغذات مسترد کئے گئے ہیں۔ جلد ہی بیان حلفی کے حوالے سے ریٹرننگ افسر کا اعتراض دور کرکے اپیل دائر کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جیسے معتبر منصب پر رہنے والے شخص نے غیر اخلاقی مہم کا سہارا لیا، ان کے خلاف قذف اور سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی پرغور کررہے ہیں۔ بابر اعوان نے مزید کہا کہ شریفوں کی ایماپر کی جانے والی ہر شرارت ناکام و نامراد ہو گی۔۔افتخار چوہدری اپنے لئے جتنی شرمندگی چاہیں سمیٹیں، عمران خان کا رستہ نہیں روک پائیں گے۔