وسائل کے درست استعمال سے صوبے سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ کرسکتے ہیں،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان

صوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے تمام شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا جو صوبے کیلئے زیادہ سے زیادہ ریونیو پیدا کرسکیں، علاؤالدین مری

بدھ 20 جون 2018 19:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ وسائل کے درست استعمال سے ہی ہم صوبے سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ کرسکتے ہیں، صوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں ایسے تمام شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا جو صوبے کے لئے زیادہ سے زیادہ ریونیو پیدا کرسکیں، نئے منصوبوں کے ساتھ ساتھ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو ان منصوبوں سے زیادہ اور بروقت فائدہ حاصل ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبے میں جاری اسکیمات، منصوبوں کی پیشرفت سمیت مختلف امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (پلاننگ ومنصوبہ بندی) حافظ عبدالباسط،سیکریٹری خزانہ قمر مسعود اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکریٹری عبدالباسط نے اجلاس کو پی ایس ڈی کی 2018ء میں شامل اسکیمات، فنڈز کے اجراء ، اسکیمات کی پیشرفت سمیت صوبے میں جاری میگا پروجیکٹس اور سی پیک میں شامل مختلف منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، وسیع رقبہ اور طویل ساحل رکھنے والا انتہائی اہمیت کا حامل صوبہ ہے، تاہم ہمیں اپنے وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے کے ان تمام شعبوں پر زیادہ توجہ دینی ہوگی جن سے صوبہ زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرسکے۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں بچوں اور ماؤں کی شرح اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام دور دراز علاقوں میں صحت و علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی اورصحت سے متعلق اسکیمات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے میں جاری اسکیمات کی وقت مقررہ پر تکمیل سے وسائل کے ضیاع کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیری کے شعبہ کو ترقی دینے سے غیر معمولی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بلوچستان کے سمندری حدود میں غیرقانونی طور پر ماہی گیری کرنے والے ٹرالرز کی مکمل حوصلہ شکنی کی جائے،بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال بھی تسلی بخش ہے، ہمیں زیادہ سے زیادہ تکنیکی تربیت یافتہ ہیومن ریسورس کی ضرورت ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہئے کہ قلیل وقت میں عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرسکیں۔