عوام نے اعتماد کا اظہارکیا تو ترنول واٹر سپلائی سکیم سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پرکام کو پایہ تکمیل پہنچائوں گا، راجہ عمران اشرف

جمعرات 21 جون 2018 11:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این ای54 سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار راجہ عمران اشرف نے کہا ہے کہ ترنول کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ماسٹر پلان کی منظوری دی تھی لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت کی طرف سے فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے منصوبہ پایا تکمیل کو نہ پہنچ سکا۔

جمعرات کو’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی تھی جس میں سب سے بڑا منصوبہ23کروڑ روپے کی لاگت سے ترنول کے دیہی علاقوں کو پانی کا منصوبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ترنول کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے ماسٹر پلان منظور کیا گیا جس سے راولپنڈی اسلام آباد کیلئے خان پور ڈیم سے لائی جانے والی واٹر سپلائی سکیم نے روزانہ کی بنیاد پر22 ہزار گیلن پانی فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ پرکام شروع کیا گیا جس کیلئے ابتدائی طور پر پانی زمین میں دو بڑے واٹر ٹینک تعمیر کئے گئے اور بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے پائپ لائن بچھائی گئی مگرحکومت ختم کرنے کے بعد منصوبہ پر کام رک گیا اورمسلم لیگ(ن) کی حکومت نی فنڈ فراہم نہیں کیا جس کی وجہ سے ترنول واٹر سپلائی سکیم التواء کا شکار ہے۔ راجہ عمران اشرف نے کہا کہ ماضی میں بھی حلقہ کی عوام کی بغیر کسی لالچ خدمت کی اور آئندہ بھی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے اورحلقہ کی عوام نے اعتماد کا اظہارکیا تو ترنول واٹر سپلائی سکیم سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پرکام کو پایہ تکمیل پہنچائوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں راجہ عمران اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں اور پی پی پی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے جس کی وجہ سے عوام پی پی پی پراعتماد کرتے ہیں اور انتخابات میں کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی۔