نشہ ایک لعنت ہے ، جس سے چھٹکارہ پانے کیلئے ہر فرد کو میدان عمل میں آنا ہو گا، عائشہ انجم

جمعرات 21 جون 2018 14:56

فیصل آباد۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) نشہ نوجوانوں کو گھن کی طرح چاٹ رہا ہے جس سے نہ صرف انفرادی بلکہ خاندانوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے لہٰذا نشہ سے چھٹکارہ پانے کیلئے ہر فرد کو میدان عمل میں آنا ہو گاجبکہ منشیات کے خلاف نفرت کو بیدار کرنے کیلئے آگاہی پروگرامز کا انعقاد وقت کا شدید ترین تقاضا ہے تاکہ آئندہ نسل کو اس بیماری سے دور رکھ کر صحت مند معاشرے کی بنیادیں مضبوط ہوسکیں۔

یہ بات میڈیکل سوشل آفیسر عائشہ انجم نے انجمن انسداد منشیات کے زیر اہتمام بورسٹل جیل میںمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں جنرل سیکرٹری محمدانوار خاں،ماہر امراض نفسیات ڈاکٹر محمدنیازی،سب انسپکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس تاجور حیات،جیل انتظامیہ اور قیدی بچے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میڈیکل سوشل آفیسر نے کہا کہ نوجوان نشہ کے استعمال سے دور رہیں تاکہ ان کی صحت برقرار رہے۔

انہوں نے بورسٹل جیل میں انسداد منشیات سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور نشہ کے خلاف بھرپور مہم چلانے پر انجمن انسداد منشیات کی کاوشوں کی تعریف کی۔جنرل سیکرٹری نے بتایا کہ انجمن انسداد منشیات کے زیر اہتمام سیمیناز،واکس کے انعقاد کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور معاشرے کو اس لت سے بچانے کے لئے کوششوں میں کمی نہیں آنے دیںگے۔ماہر امراض نفسیات سے نشہ کی اقسام،اس کے نقصانات،بچائو کے طریقوں سے آگاہ کیا۔

سب انسپکٹر اینٹی نار کوٹکس فورس نے منشیات کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیااورنوجوانوں سے کہا کہ وہ اس لعنت سے اپنے آپ کو ہر ممکن حد تک محفوظ رکھیں۔انہوں نے والدین سے کہا کہ اپنے بچوں کی حرکات وسکنات پر نظر رکھیں تاکہ قوم کا مستقبل نشہ کی برائی سے دور رہ کر صحت مند زندگی بسر کرسکے۔دیگر مقررین نے بھی نشہ کے نقصانات پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :