عمران خان کی مبینہ بیٹی سے متعلق ثبوت پیش نہیں کیے گئے، این اے 243 کا فیصلہ جاری

جمعرات جون 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے این اے 243 سے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان کے این اے 243 سے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کے خلاف اعتراضات جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوارعبدالوہاب بلوچ اور محمد جاوید خان نے ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے تھے، جس پر دونوں فریقین کے وکلاء کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسر نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

این اے 243 سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے تحریری فیصلے کی کاپی منظر عام پرآگئی ہے۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان کے خلاف دو امیدواروں کی جانب سے اعتراضات داخل کئے گئے تاہم اعتراض کنندہ عمران احمد خان نیازی کے خلاف ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکے اور ناہی عمران خان کی سیتا وائٹ سے اولاد سے متعلق کوئی مصدقہ دستاویزات پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ این اے 243 گلشن اقبال سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی میں مقابلہ ہوگا جبکہ پاک سرزمین پارٹی کے مزمل قریشی بھی اسی حلقے سے امیدوار ہیں ،ْ این اے 243 کا حلقہ پی آئی بی کالونی اور گلشن اقبال کے مختلف بلاکس کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں پر محیط ہے۔