ْسپریم کورٹ نے سیکرٹری پی ایم ڈی سی کو میڈیکل کالجز سے متعلق کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی

جمعرات 21 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) سپریم کورٹ نے سیکرٹری پی ایم ڈی سی کو میڈیکل کالجز سے متعلق کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے ۔جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا میڈیکل کالجز میں داخلے سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی جہاں سیکرٹری پی ایم ڈی سی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے ۔

سیکریٹری پی ایم ڈی سی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے 194 میں سے 169 طلبہ کو داخلے مل چکے،ہیلتھ سائنس یونیورسٹی لاہور نے بلوچستان کے طلبہ کو داخلہ دینے سے انکار کیا۔ سیکرٹری پی ایم ڈی سی کی رپورٹ پر بلوچستان کے طلبہ کو داخلہ نہ دینے پر چیف جسٹس نے یونیورسٹی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ یونیورسٹی کو فوری داخلہ دینے کا حکم جاری کیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے بچوں کے حقوق کا دفاع کریں گے۔عدالتی حکم نہ ماننے والے کالجز کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔صرف ایک کالج سے بچوں کے 29 کروڑ واپس کرائے۔ درخواست گزار شہری کا عدالت میں کہنا تھا کہ ضیا الدین یونیورسٹی طلبہ و طالبات سے غلط بیانی کر رہی ہے۔طلبہ و طالبات سے تحریری دستاویزات پر دستخط کرائے جا رہے ہیں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے میڈیکل طلبہ و طالبات کا معاملہ اسلام آباد میں سن رہے ہیں,۔اگر کوئی متاثر چاہے تو اسلام آباد میں پیش ہوسکتا ہے ۔