فیصل آباد ڈویژن میں دو سال کے عرصہ تعیناتی کو ملازمت کی زندگی کا سرمایہ سمجھتا ہوں،سابق ڈویژنل کمشنر مومن آغا

جمعہ 22 جون 2018 17:21

فیصل آباد۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) سابق ڈویژنل کمشنر فیصل ۱ٓباد مومن ۱ٓغا نے کہا ہے کہ اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران ڈویژن میں تعمیر و ترقی کی رفتار تیز کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں محکمانہ سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کی بھر پور کوشش کی جس کے لئے ڈویژن بھر کے افسران و سٹاف کے تعاون کا ممنون ہوں کیونکہ بہترین ٹیم ورک کے نتیجہ میں ہی مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں افسران و سٹاف سے الوداعی ملاقات کرتے ہوئے کہی ۔ ایڈیشنل کمشنرز مہر شفقت الله مشتاق ‘ خادم حسین جیلانی ‘ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان ‘ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری محمد ضیاء ‘ ایم ڈی کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی لیفٹیننٹ کرنل ( ر ) بابر فیروز ‘ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو عبدالرئوف اعوان و دیگر افسران اور سٹاف موجود تھا ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد سے ٹرانسفر ہونے والے ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا کہ ٹرانسفر و پوسٹنگ سرکاری ملازمت کا حصہ ہے لیکن فیصل آباد ڈویژن میں دو سال کے عرصہ تعیناتی کو ملازمت کی زندگی کا سرمایہ سمجھتا ہوں اور چاروں اضلاع کی تعمیر و ترقی کے لئے شب و روز محنت کی جس کا صلہ شہریوں کی طرف سے پذیرائی اور محبت کی صورت میں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر آفس کی کارکردگی کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہمہ وقت کوشش رہی ۔

اس ضمن میں افسران و سٹاف نے ٹیم کی حیثیت سے اہم کردار ادا کیا جس سے شہروں کی خدمت کے امور احسن انداز میں انجام دئیے گئے۔ مومن آغا نے افسران و سٹاف سے کہا کہ وہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں شفافیت کو ہمیشہ فوقیت دیں ۔ انہوں نے اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کرنے پر افسران و سٹاف کا شکریہ ادا کیا ۔ ایڈیشنل کمشنر کو ۱ٓرڈینیشن و دیگر افسران اور سٹاف کے ارکان نے مومن آغا کو الوداع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عرصہ تعیناتی مثالی اور یادگار ہے جس کے دوران متعدد اصلاحات کی گئیں اور کمشنر آفس کی ساکھ اور نیک نامی میں اضافہ ہوا ۔

انہوں نے مومن آغا کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کی مزید ترقی ‘ صحت اور درازی عمر کی دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اسماعیل روڈ اور جڑانوالہ میں ڈی پی ایس کے مثالی کیمپس کے قیام و ری ڈیزائننگ کے علاوہ مین کیمپس میں عالمی معیار کا سوئمنگ پول ‘ فیصل آباد کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی بقاء و استحکام سمیت ڈویژن بھر میں دیگر اہم پراجیکٹس موثر پلاننگ کے تحت پایہ تکمیل کو پہنچے۔قبل ازیں ٹرانسفر ہونے والے کمشنر مومن آغا نے افسران اور سٹاف سے ملاقات بھی کی ۔

متعلقہ عنوان :