فیصل آباد کی تعمیر وترقی کیلئے بھرپور انداز میں خدمات انجام دیں، تمام افسران وسٹاف کا بھرپور تعاون حاصل رہا ،سلمان غنی

جمعہ 22 جون 2018 17:21

فیصل آباد۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) فیصل آباد کی تعمیر وترقی اور عوامی ریلیف کے منصوبوں کی تکمیل کے چیلنجز میں کامیابی کے لئے متحرک اور بھرپور انداز میں خدمات انجام دیں جس میں تمام افسران وسٹاف کا بھرپور تعاون حاصل رہا جو کہ لائق تحسین ہے۔یہ بات فیصل آباد سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے اپنے دفتر کے افسران اور سٹاف سے الوداعی ملاقات کے دوران کہی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز خالد مسعود فروکہ،میاں آفتاب احمد،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ٹرانسفر ہونے والے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ساتھی افسران اور سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں بہترین نتائج حاصل کئے جن کا صوبائی سطح پربھی اعتراف کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی کے لحاظ سے پنجاب کے پہلے دس اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز میں فیصل آباد سر فہرست رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران فیصل آباد میں ہمہ جہت نوعیت کے فرائض انجام دینے کا موقع ملا جن سے نہ صرف پیشہ وارانہ تجربہ حاصل ہوا بلکہ عوام کی خدمت کرکے دلی اطمینان ملا۔انہوں نے فیصل آباد کے شہریوں کی محبت ومعاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعمیر وترقی کے حوالے سے مثبت سوچ رکھتے ہیں جو اس ضلع کی تیز رفتار ترقی کی آئینہ دار ہے۔

انہوں نے فیصل آباد کے تاجروں،صنعتکاروں،وکلاء،علماء کرام،میڈیا نمائندگان ،کسانوں،مزدوروں اور دیگر طبقات کے گرانقدر تعاون کو سراہا اور کہا کہ ان کی معاونت سے سماجی ومعاشی ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں تعیناتی کا خوشگوار عرصہ ہمیشہ یاد رہے گا جو کہ پیشہ وارانہ زندگی کا اہم اوربہترین حصہ ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز خالد مسعود فروکہ،میاں آفتاب احمد اور سپرنٹنڈنٹ رانا تاثیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی انتظامی وترقیاتی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ انہیں اس عرصہ کے دوران دفتری امور کی احسن انداز میں انجام دہی میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

متعلقہ عنوان :