تعصب اور قومیت کے پرچار پر الیکشن لڑنے والے حلقہ اور عوام کے دشمن ہیں، سردار محمد یوسف

حلقہ سے جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کر دیا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبہ کے پاس چلے گئے ہیں، انشا اللہ کامیاب ہو کر حلقہ پی کے 34 کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے،سابق وفاقی وزیر

جمعہ 22 جون 2018 19:07

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) سابق وفاقی وزیر و امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی کی34- سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ تعصب اور قومیت کے پرچار پر الیکشن لڑنے والے حلقہ اور عوام کے دشمن ہیں، اپنی تحریک اخلاص اور نیک نیتی کی بنیاد پر شروع کی تھی، متوسط طبقہ کو ان کا مقام دلایا ہے جس کی بدولت آج یوتھ کونسلر کی نشست سے لیکر قومی اسمبلی کی نشست تک متوسط طبقہ کے لوگ موجود ہیں، حلقہ سے جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کر دیا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبہ کے پاس چلے گئے ہیں، انشا اللہ کامیاب ہو کر حلقہ پی کے 34 کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

وہ مانسہرہ کے علاقہ سرن ویلی جچھہ بیلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ایک برادری ہے، ہم نے کبھی تعصب اور قومیت کی بات نہیں کی، مخالفین ہزار کوششوں کے باجود اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے تو انہوں نے ہم پر تعصب اور قومیت کا پراپیگنڈہ شروع کر دیا جبکہ آج بھی ہمارے سٹیج پر حلقہ میں بسنے والی تمام جملہ اقوام کے لوگ موجود ہیں اور یہ ایک گلدستہ ہے، قومیں صرف پہچان کیلئے بنائی گئی ہیں، ہم سب کی ایک ہی قوم ہے اور وہ ہے کلمہ طیبہ، ہم سب آپس میں بھائی بھائی ہیں، بعض لوگ اپنے مذموم مقاصد کیلئے الیکشن کے موقع پر بھائی کو بھائی سے لڑانے کیلئے تعصب اور قومیت کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن ہم انہیں ان کے مذموم مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب ہمیں نمائندگی ملی تو اس وقت حلقہ کے صرف پانچ فیصد علاقوں میں بجلی تھی جبکہ آج الحمد اللہ حلقہ میں 95 فیصد بجلی فراہم کر دی ہے، اب انشا اللہ الیکشن میں کامیاب ہونے کے بعد سڑکوں کی تعمیر کو ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کروائیں گے، حلقہ میں سڑکوں کے جال بچھائیں گے اور ایک نااہل شخص کی وجہ سے پسماندہ رہنے والے حلقہ کی محرمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے حلقہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔۔