حیدرآباد ، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 64 سے پی پی کے نامزد اُمیدوار عبدالجبار خان نے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا

جہاں پر محترمہ بینظیربھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا

جمعہ 22 جون 2018 21:06

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اور حیدرآباد سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 64 سے پی پی کے نامزد اُمیدوار عبدالجبار خان نے اپنے انتخابی حلقے میں انتخابی دفتر کا افتتاح کیا جہاں پر محترمہ بینظیربھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالجبار خان نے کہاکہ محترمہ بینظیربھٹو کے وژن کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت غریب عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کررہی ہے ۔

پیپلزپارٹی کے سابقہ دور حکومت میں پانچ سال تک غریب نادار اور بے سہارا خواتین کو بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ماہانہ مالی سپورٹ فراہم کی جاتی رہی اسی طرح تھرپارکر میں قحط زدہ غریب عوام کومفت گندم، پینے کا صاف پانی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں بھی پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں بلاتفریق عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبے شروع کئے گئے جو وقت سے پہلے مکمل کردیئے گئے اور ان کے ثمرات حلقے کے عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 15 سالوں سے ہمارا حلقے کے عوام سے براہ راست رابطہ ہے جب بھی کوئی مشکل پڑتی ہے تو ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس اس حلقے سے جھوٹے وعدے اور دعوے کرکے ووٹ لینے والے سوائے ووٹرز کومایوس کرنے اور انہیں دھوکہ دینے کے کچھ نہیں کیا۔ نہ تو انہوں نے کوئی ترقیاتی اسکیمیں عوام کو دیں اور نہ ہی ان کے دکھ درد میں شریک ہوئے۔