اسلام عدل اجتماعی کے نظام کا غلبہ چاہتاہے تاکہ عام آدمی کو انصا ف مل سکے، حافظ محمد ادریس

جمعہ 22 جون 2018 21:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ اسلام عدل اجتماعی کے نظام کا غلبہ چاہتاہے تاکہ عام آدمی کو انصا ف مل سکے ۔ اسلام محض نماز روزے کا دین نہیں ، یہ ایک نظام حیات ہے ۔ تمام انبیاء کرام ؑ نے اس نظام زندگی کے غلبہ کے لیے جدوجہد کی ۔ ایم ایم اے ملک میں مساوات اور عدل کا یہی نظام قائم کرناچاہتی ہے تاکہ ہر پاکستانی کو وہ حقوق مل سکیں جو ظالم اور کرپٹ حکمرانوں نے ان سے چھین لیے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جامع مسجدمنصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ اسلامی ریاست میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوتا ۔ خود حضور ؐ نے پیغمبراور ریاست کے سربراہ ہوتے ہوئے عام شہریوں کی طرح زندگی گزاری ۔

(جاری ہے)

چاروں خلفائے راشدین ؓ نے عدل و انصاف کی وہ روشن مثالیں قائم کیں جن کااعتراف اسلام دشمن بھی کرتے تھے ۔

انہوںنے کہاکہ کسی بھی مسلم حکمران نے اپنے لیے کبھی پروٹوکول کو پسند نہیں کیا آج کے حکمران پچا س پچاس گاڑیوں کے سکواڈ لے کر چلتے ہیں مگر پھر بھی وہ محفوظ نہیں جبکہ اسلامی حکمران راتوں کوتن تنہا گشت کرتے تھے لیکن کسی کو جان کا خوف تھا،نہ مال کے لٹ جانے کا خطرہ ۔ مسلم حکمران اپنے آپ کو حج کے دوران اور جمعہ کے اجتماعات میں احتساب کے لیے پیش کیا کرتے تھے اور شکایات کا ازالہ کرتے تھے۔

حافظ محمد ادریس نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ایک بار پھر وہی نظام لانا چاہتی ہے ۔ عوام کو اس نظام کے غلبہ کے لیے دینی جماعتوں کا ساتھ دینا چاہیے کیونکہ قیام پاکستان کا اصل مقصد یہی تھا اور ہمارے بڑوں نے اس کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔انہوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر مخرب اخلاق سرگرمیوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اسلام کے پیغام کو عا م کریں تاکہ دنیا و آخرت میں انہیں کامیابی مل سکے ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان ملک میں اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ بنیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ ہوسکے ۔