چاروں اضلاع میں عام انتخابات کے انعقاد تک ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرایا جائے گا،کمشنر ڈیرہ

ہفتہ 23 جون 2018 23:29

ڈی جی خان۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن رانا گلزار احمد نے کہا ہے کہ چاروں اضلاع میں عام انتخابات کے انعقاد تک ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرایا جائے گا․ امیدواران ، پرنٹر ، پبلشر پینافلیکس اور دیگر انتخابی مٹیریل تیار کرنے والوں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کریں ․ پہلی بار خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ اور دوسری بار خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کی طرف سے امیدوار کو نااہل بھی کیا جاسکتاہے ․ ڈویژن بھر میں غیر جانبدار ، شفا ف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے ․ حساس پولنگ سٹیشنوں کی خفیہ کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی ․تمام پولنگ سٹیشنوں پر بجلی، پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ․ انہوںنے یہ ہدایات اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ․اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان علی اکبر بھٹی ، ایڈیشنل کمشنرز اظفرضیاء ، رانا شوکت علی، ریجنل الیکشن کمشنر شاہد اقبال ، اے سی جی سیف الرحمن بلوانی ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تنویر الحسن ، لاء آفیسر چودھری محمد اکرم اور دیگر موجود تھے ․ کمشنرنے کہاکہ پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی اور دیگر اقدامات کیلئے انتظامیہ ، عدلیہ اور الیکشن کمشن مل کر کام کریں ․ اجلاس میں دوران بریفنگ کمشنر کو بتایاگیا کہ پولنگ سٹیشنوں کے حوالے سے حتمی فہرست دو روز میں مرتب کر لی جائے گی تاہم ابتدائی فہرست کے مطابق ڈیرہ میں 1016،مظفرگڑھ میں 1712، لیہ میں 700او رراجن پو رمیں 613پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 534کو حساس قرار دیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

کمشنر رانا گلزار احمد نے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژن بھر میں اشیائے خوردونوش کے نرخ از سر نو متعین کر نے کی ہدایات جاری کردی ہیں ․ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلا ع کے انجمن تاجران ، سبزیوں منڈیوں ، دکاندار ، مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ تنظیموں کے نمائندے افراد کا اجلاس منعقد کر کے مشاورت سے ضروری اشیاء کے نرخ متعین کریں ․ آگاہی کے بعد سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش فراہم نہ کرنے والوں کی گرفتاریاں ، بھاری جرمانے اور دیگر کارروائی کی جائے ․ ڈپٹی کمشنر ہر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی انفرادی کارکردگی کاجائزہ لیں اور انہیںروزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے ۔