میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان 21جولائی کو ہوگا،شیخ امجد حسین

ہفتہ 23 جون 2018 23:29

ڈی جی خان۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان شیخ امجد حسین نے کہاہے کہ بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک سالانہ امتحان 2018کے نتیجہ کا اعلان 21جولائی کو صبح دس بجے جبکہ پوزیشن ہولڈرز کا اعلان ایک روز قبل کیا جائے گا․ انہوںنے بتایاکہ میٹرک کے نتیجہ کیلئے پہلے 24جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی مگر 25جولائی کو ملک میں عام انتخابات کے پیش نظر پنجاب بھر میں نتیجہ کے اعلان کی تاریخ 21جولائی مقرر کی گئی ہے ․ انہوںنے بتایاکہ جن امیدواروں کو بسلسلہ کمی فیس ، تصدیق ، تبدیلی مضمون ، این او سی یا اہلیت کے حوالے سے اعتراضاتی خطوط ارسال کیے گئے یا مشروط طور پر امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی تھی انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رزلٹ کی تاخیر سے بچنے کیلئے فوری طو رپر اعتراضات ختم کرائیں علاوہ ازیں جن امیدواروں نے اپنی جوابی کاپیوں پر رولنمبر غلط یا ببل کو فل کرنے میں کوئی غلطی کی ہے وہ جلد درخواست دے کر اپنے معاملات درست کرالیں ․ انہوںنے بتایاکہ جن امیدواروں نے نہم کا امتحان پاکستان کے کسی دیگر بورڈ سے پاس کیا ہے اور دہم کا امتحان ڈیرہ بورڈ سے دیا ہے وہ اپنے متعلقہ بورڈ سے نہم کے رزلٹ کی سیلڈ اولڈ پوسٹنگ جلد بھجوائیں ․ انہو ںنے کہاکہ جن امیدواروں نے نہم کا امتحان ڈیرہ بورڈ سے پاس کیا اور دہم کا امتحان کسی دوسرے بورڈ سے دیا ہے ان کے نہم امتحان کی اولڈ پوسٹنگ باضابطہ طور پر متعلقہ بورڈ کو بھجوا دی گئی ہے ․ ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین نے مزید بتایا کہ 21جولائی کو میٹرک کے نتیجہ کے اعلان کے بعد ایک ہفتے کے اندر رزلٹ کارڈز کی ترسیل مکمل کر لی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :