پاکستان کا یمن میں قیام امن کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کااظہار

مسئلے کے سیاسی حل سے ملک میں پائیدار امن یقینی بنایا جاسکتا ہے،پاکستان

اتوار 24 جون 2018 13:30

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) پاکستان نے یمن میں امن کے لئے تمام کوششوں کی حمایت کااظہار کرتے ہوئے مسئلے کے سیاسی حل پر زوردیا ہے جس سے ملک میں پائیدار امن یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل نے جدہ میں یمن میں قانونی حکومت کے حامی اتحادی ملکوں کے وزرائے اطلاعات کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان یمن میں بحران کے خاتمے اور متحارب دھڑوں کے درمیان مذاکرات کا جلد آغاز چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان صدر عبدربومنصور ہادی کی قانونی حکومت کی غیر مشروط بحالی اور دارالحکومت صنعا سمیت زیر قبضہ علاقوں سے باغی فورسز کے انخلا کا مطالبہ کرتا ہے۔ موجودہ انسانی بحران یمن کیعوام کی مشکلات میں کمی کیلئے عالمی سطح پر مزید ٹھوس اور مربوط کوششوں کا متقاضی ہے۔ کانفرنس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ،سوڈان، مصر، کویت، بحرین، اردن، جبوتی، ملائیشیا، سینیگال، یمن اور پاکستان کے وزرائے اطلاعات نے شرکت کی۔