پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریبیز کا عالمی دن منایاگیا

پیر 25 جون 2018 13:08

فیصل آباد۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈر ریبیز ڈے پیر کو بھر پور طریقے سے منایا گیا ۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت، حکومت پاکستان ، محکمہ صحت پنجاب ،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، بیکٹیر یالوجسٹس سپیشلسٹس ایسوسی ایشن اور دیگر طبی تنظیموں وا ین جی اوز کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، سیمینارز ، کانفرنسز ، ورکشاپس کا انعقاد کیا گیاجبکہ تمام بڑے شہروں میں عوامی شعوری بیداری کیلئے واکس بھی منعقد کی گئیں۔

ماہرین طب نے مختلف تقریبات سے خطاب کے دوران بتایاکہ ریبیز بائولے کتے کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی ایک انتہائی خطرناک ، دنیا کی دسویں بڑی مگر بروقت علاج کی صورت میں قابل علاج بیماری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں سالانہ 60 ہزا راور پاکستان میں تقریباً 5 ہزار افراد اس موذی مرض کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ دنیا کے 152 سے زائد ممالک میں ریبیز کی بیماری پائی جاتی ہے لیکن اس کے مریضوں کی زیادہ تعداد ایشیاء اور افریقہ میں ہے حتیٰ کہ بھارت میں سب سے زیادہ 20 ہزار کے قریب لوگ سالانہ ریبیز کی وجہ سے موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ لوگوں کو ریبیز کے متعلق کوئی آگاہی نہیں اس لئے وہ فوری طور پر سرکاری ہسپتالوں کے مستند ڈاکٹرز کی بجائے گھریلو سطح پر ہی علاج کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء میں سالانہ 30 ہزار لوگ اس بیماری کی نذر ہوجاتے ہیں۔ اس طرح ہر 15 منٹ میں ایک انسان کی موت واقع ہوتی ہے۔