چوہدری نثارعلی خان سے متعلق جو فیصلہ پارٹی نے کیا وہی ہمارا ہے ،ْشاہد خاقان عباسی

25 جولائی کو الیکشن نہ ہوئے تو روکنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ تمام جماعتوں سے ہوگا، سابق وزیر اعظم

پیر 25 جون 2018 15:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ پارٹی نے کیا اور پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہی ہمارا فیصلہ ہوگا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کاعذات نامزدگی میں ٹیمپرنگ نہیں کی گئی، میرے وکیل نے عدالت کے سامنے اضافی معلومات پیش کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بیان حلفی کی وجہ سے مسئلہ پیدا ہوا جس کی ضرورت نہیں تھی، حلف نامے سے مشکلات پیدا ہورہی ہے، پہلے بھی کہا تھا کہ الیکشن کے فیصلے عدالت نہیں عوام کرتے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 25 جولائی کو الیکشن نہ ہوئے تو روکنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ تمام جماعتوں سے ہوگا، مسلم لیگ (ن) کے زیادہ تر امیدوار عدالتوں کے چکر لگارہے ہیں، الیکشن مہم نہ چلانے سے مشکلات ہوگئیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چوہدری نثار کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ پارٹی نے کیا اور پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہی ہمارا فیصلہ ہوگا۔انہوںنے کہاکہ میرے حلقے کے عوام میرے ساتھ ہیں، حلقے میں گیس کنکشن نہ ملنے پر 12 افراد نے احتجاج کیا، سب کے احتجاج سننے کو تیار ہوں اور یہی جمہوریت ہے۔