مولانا سمیع الحق کی طرف سے رجب طیب اردگان کی کامیابی پر ترکی کی عوام کو خراج تحسین اور مبارکباد

پیر 25 جون 2018 18:29

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) جمعیت علماء اسلام کے امیر او ردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے ترکی میں رجب طیب اردگان کی صدارت کے لئے شاندار کامیابی کو پورے ملت مسلمہ کے لئے نیک شگون قرار دیا ہے، اور اپنی جماعت جمعیت علماء اسلام اور دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے انہیں مبارکباد دی ہے ، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ خلافت عثمانیہ کو تباہ کرنے کے بعد سیکولر اور دین دشمن عناصر اور مصطفی کمال جیسے لیڈروں نے ترکی سے اسلام کی ایک ایک نشانی مٹانے کی کوشش کی مگر یہ اسلام کے اصولوں کی ابدی صداقت اور حقانیت کی دلیل ہے کہ جتنا اسے دبایا گیا اتنا ہی وہ ابھر رہا ہے، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ترکی کی غیور قوم بھی خراج تحسین کی مستحق ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مخلص اور دیانتدار قیادت کافقدان اور بدعنوان کرپٹ عناصر کا تسلط ہماری تمام بربادیوں کی بنیادی وجہ ہے ،اگلے انتخابات کی شکل میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ترکی سے سبق سیکھیں۔