پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حلقہ این اے 241 اور پی ایس97 کی انتخابی مہم کا آغاز

پیر 25 جون 2018 20:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے کراچی کے حلقہ این اے 241 کے نامزد امیدوار فہیم خان اور پی ایس 97 کے نامزد امیدوار و پی ٹی آئی کراچی کے نائب صدر راجہ اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک انتہائی اہم سیاسی مرحلے سے گزر رہا ہے ۔ پی پی نے دس سال تک سندھ پر حکومت کی اور لوگوں کو تباہ و برباد کردیا۔

آج پاکستان تحریک انصاف تبدیلی لانا چاہتی ہے ۔ ہم دو نہیں ایک پاکستان چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنمائوں نے یہ باتیں اپنے حلقے میں کارنر میٹنگ اور شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت بھی اختیار کی۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ پی پی کے لیڈروں نے عوام کو مسلسل بے وقوف بنایا اور صاف پانی تک فراہم نہیں کیا۔

(جاری ہے)

کتنے ہی ترقیاتی منصوبے پی پی نے سندھ میں ادھورے چھوڑ کر ان کے فنڈز ہضم کرلیے۔ پی پی کی حکومت نے سینکڑوں بسوں کا وعدہ کرکے کراچی کو صرف دس بسیں فراہم کیں۔ پاکستان تحریک انصاف کا مقابلہ سیاسی جماعتوں سے نہیں بلکہ بدعنوان اور کرپٹ مافیا سے ہے۔ پی ٹی آئی انتخابات جیت کر مخالفین کی نیندیں حرام کر دے گی۔ عوام انتخابات کے لیے تیار رہیں کیونکہ بدعنوان لیڈروں کو سبق سکھانے کا وقت آچکا ہے۔ تبدیلی عوام کے ووٹ سے آئے گی اور اب تبدیلی بہت نزدیک ہے۔ ملک کو لوٹ لوٹ کر کھانے والوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔