الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ( ن) کی فارن فنڈنگ کا معاملہ انکوائری کمیٹی کے سپرد کردیا

فریقین کو 31جولائی کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت‘ نون لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کی مد میں الیکشن کمیشن سے غلط بیانی کی-تحریک انصاف کے وکیل کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 26 جون 2018 17:39

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ( ن) کی فارن فنڈنگ کا معاملہ انکوائری کمیٹی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 جون۔2018ء) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ( ن) کی فارن فنڈنگ کا معاملہ انکوائری کمیٹی کے سپرد کر تے ہوئے فریقین کو 31جولائی کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ( ن) کے خلاف فارن فنڈنگ سے متعلق درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی۔

تحریک انصاف کی طرف سے وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کی مبینہ فارن فنڈنگ کا معاملہ انکوائری کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے فریقین کو31 جولائی کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کی مد میں الیکشن کمیشن سے غلط بیانی کی اور حقائق چھپائے، دونوں پارٹیوں نے بیرون ملک اپنے ناموں سے کمپنی رجسٹرڈ کی ہیں، جس کے ذریعے غیر ملکیوں سے فنڈنگ اکٹھی کی جاتی رہی ہے، حد تو یہ ہے کہ قانون کی صریحا خلاف ورزی کرتے ہوئے واجبات کے گوشوارے سربراہ کے دستخط کے بغیر جمع کروائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نون لیگ زبیر گل کے ذریعے غیر ملکی حکومتوں سے معاملات طے کرتی رہی ہے اس بات کی تحقیقات ہونا ضروری ہے، دونوں پارٹیوں کے اثاثہ جات اور ذرائع آمدن سے متعلق حقائق سامنے لانا ضروری ہے۔الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز سماعت کے دوران پیپلز پارٹی سے متعلق مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کا معاملہ بھی انکوائری کمیٹی بھیج دیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے نو لیگ اور پیپلزپارٹی کے خلاف الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے حوالے سے کیس دائر کئے تھے ، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان دونوں بڑی جماعتوں نے بیرون ملک ممنوعہ ذرائع سے بھاری رقوم حاصل کیں اور کاغذات نامزدگی میں ان ذرائع کو بھی خفیہ رکھا گیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے راہنما فواد چوہدری نے نون لیگ اور پیپلزپارٹی کے مالی معاملات کمیٹی کے سپرد کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہیں، دونوں جماعتوں کی فنڈنگ میں بہت بڑے گھپلے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے تو اپنی جماعت کو منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا، اکاونٹس کی تفصیلات کے مطابق نوازشریف نے14کروڑنون لیگ کو دیے اور یہی 14کروڑنون لیگ سے واپس بھی لے لئے، پیپلزپارٹی کے حالات بھی نون لیگ سے زیادہ مختلف نہیں، واشنگٹن میں سفارتخانے نے خطیر رقم بطور چندہ پیپلزپارٹی کو دی۔