رحیم یارخان ،ْ میونسپل کمیٹی رحیم یارخان کا سال 2018-19ء کیلئے 87کروڑ 11لاکھ روپے کا سالانہ بجٹ پیش کردیاگیا

منگل 26 جون 2018 18:44

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) میونسپل کمیٹی رحیم یارخان کا سال 2018-19ء کیلئے 87کروڑ 11لاکھ روپے کا سالانہ بجٹ پیش کردیاگیا‘ ہاؤس نے اتفاق رائے سے بجٹ کی منظوری دیدی‘ چیئرمین میاں اعجازعامر نے سالانہ بجٹ اجلاس میں ہاؤس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل اور مہنگائی کے باوجود نئے سالانہ بجٹ میں عوام پر نہ تو کوئی بوجھ ڈالا گیا ہے اور نہ ہی کوئی نیاٹیکس یا سابقہ ٹیکسز کی شرح میں اضافہ کیاگیا ہے۔

شہر کی ترقی اور عوام کی فلاح کے کام خلوص نیت کے ساتھ عبادت سمجھ کر کررہے ہیں۔۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کا سالانہ بجٹ اجلاس 2018-19ء وائس چیئرمین وکنوینئر میونسپل کمیٹی عبدالطیف بھٹی کی زیرصدارت علامہ اقبال لائبریری کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

میونسپل کمیٹی کے چیئرمین میاں اعجازعامر نے ہاؤس میں سالانہ بجٹ کی تفصیلات پیش کیں۔

87کروڑ 11لاکھ 25ہزار روپے کے کل بجٹ میں سرکاری گرانٹ سے متوقع آمدنی 82کروڑ 61لاکھ 25ہزار روپے متوقع ہے۔ جبکہ متوقع ابتدائی سرمایہ 4کروڑ 50لاکھ روپے ہے۔ غیر ترقیاتی اخراجات ‘ تنخواہات‘ پنشن اور متفرق اخراجات کا تخمینہ 64کروڑ 51لاکھ 38ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ جبکہ ترقیاتی اخراجات کیلئے 18کروڑ 40لاکھ 62ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔میونسپل کمیٹی کے 940ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 40کروڑ 36لاکھ 34ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔

سالانہ ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے 5کروڑ جبکہ جاری ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے 4کروڑ 40لاکھ 62ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔نئے سالانہ بجٹ میں مشینری کیلئے بھی 30کروڑ روپے کا بجٹ رکھاگیا ہے۔ میاں اعجازعامر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کا چارج سنبھالنے کے بعد گذشتہ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں شہر کی تعمیروترقی اور خوبصورتی کیلئے میری اور میری ٹیم کی خدمات عوام کے سامنے ہیں اور ہمیں اپنی محنت اور کارکردگی پر فخر ہے۔

ترقی کے اس سفر میں میونسپل کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ساتھ ادارہ کے افسران اور عملہ وملازمین کا بھرپور تعاون اور خدمات بھی قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز میں رقم نہ ہونے کے باوجود سابقہ ملازمین کو ماہانہ پنشن کی ادائیگی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔حکومت کی طرف سے PFCڈویلپمنٹ گرانٹ گذشتہ سال اکتوبر سے بند ہے‘ کمزور مالی حالت کے باوجود شہر میں ترقیاتی کام مکمل کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق ایم این اے میاں امتیازاحمد کی جدوجہد اور ذاتی کاوشوں کی بدولت تقریباً سوا ارب روپے کی لاگت سے عباسیہ فلائی اوور کا منصوبہ بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے علاوہ ازیں کروڑوں روپے کے فنڈ سے میگا سیوریج سسٹم کو بہتر بنایا جارہا ہے جس سے شہر میں نکاسی آب کا مسئلہ تقریباً حل ہوچکا ہے۔ سٹی چوک کے ساتھ ساتھ المائدہ روڈ اور اندرون شہر بازاروں ومارکیٹوں کو خطیر رقم خرچ کرکے کشادہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ہاؤس کے ممبران سے درخواست کی کہ وہ شہر کی ترقی وخوبصورتی اور عوام کی فلاح کیلئے مشن کو جاری رکھنے کیلئے اپنا تعاون بڑھائیں۔ ہاؤس نے اتفاق رائے سے پیش کردہ سالانہ بجٹ کی منظوری دیدی۔ اجلاس کے آغاز میں میونسپل کمیٹی کے ممبران چوہدری محمدعلی‘ چوہدری محمداشرف‘ عبداللہ سبحان ودیگر نے توثیق کیلئے گذشتہ اجلاس خاص کی کارروائی پر اعتراضات کرتے ہوئے ہاؤس کے ممبران میں تقسیم کی جانیوالی سالانہ بجٹ اجلاس جس پر قرآنی آیات‘ قائد اعظم کی تصاویر بھی شامل ہیں‘ کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں اور ہال میں پھینک دیں۔ چیئرمین میاں اعجازعامراور ہاؤس کے دیگر ممبران نے اپوزیشن ممبران کے اس اقدام کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔