Live Updates

ریحام کی کتاب اورافتخار چوہدری کے پیچھے شریف برادران ہیں، عام انتخابات میں ن لیگ کو شکست دینے کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی ،اصل ایشو کرپشن ہے،پارٹی میں گروپ بندی ہے

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا ٹی وی انٹرویو میں اعتراف

منگل 26 جون 2018 22:43

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ریحام کی کتاب اور افتخار چوہدری کے پیچھے شریف برادران ہیں،یہ ہمیشہ ذاتی زندگی اور شوکت خانم اسپتال پر حملے کرتے ہیں۔ منگل کو ایک ٹی وی انٹرویو میں پی ٹی آئی چیئرمین نے پارٹی میں گروپ بندی کے اعتراف کے ساتھ الیکشن میں دیگر جماعتوں سے سیٹ ایدجسٹمنٹ کرنے کا اعلان بھی کیا ۔

ان کا کہناتھاکہ عام انتخابات میں ن لیگ کو شکست دینے کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی ،اصل ایشو کرپشن ہے،باقی جوکچھ بھی ہے وہ نان ایشوز ہیں۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ شریف برادان نے صرف میری ہی نہیں بینظیر بھٹو کی بھی ذاتی زندگی پر حملے کئے ،ہمارا مقابلہ اسٹیٹس کو کی نمبر ون پارٹی ن لیگ اور اس کے بعد پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی چیئرمین نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 60فیصد سے زائد پارٹی کے پرانے کارکنوں کو ٹکٹ دیے ہیں،ن لیگ کے مقابلے کیلئے جن لوگوں کو ٹکٹ دیے وہ بھی سروے کرواکر دیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کی تقسیم مشکل کام ہے ، عام انتخابات میں اصل چیز الیکشن مہم ہوتی ہے ،ان چار ہفتوں میں لوگ فیصلہ کریں گے وہ کس ووٹ دیں۔عمران خان نے کہا کہ پارٹی کا انتخابی منشور 3 سے 4جولائی تک آجائیگا ،انتخابات جیتنے کیلئے منصوبہ عمل بنالیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات