انتظامیہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر عملدر آمد یقینی بنائے گی، ڈپٹی کمشنر

بدھ 27 جون 2018 10:30

چیچہ وطنی۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ انتظامیہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنائے گی اور اس سلسلے میں کوئی تفریق نہیں ہو گی،مانیٹرنگ آفیسر روزانہ کی بنیاد پر امیدواروں کی انتخابی مہم کو چیک کریں اور خلاف ورزی کی فوری اطلاع دیں تا کہ بر وقت تادیبی کارروائی کی جا سکے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ الیکشن مانیٹرز کے اجلاس سے خطا ب کر تے ہوئے کیا جس میں اے ڈی سی آر قدیر احمد باجوہ اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رانا عبدالغفار کے علاوہ ذوالفقار علی ،فوزیہ اعجاز ،خالد شبیر ،ڈاکٹر امتیاز ،زبیر وٹو اور دوسرے افسران نے شرکت کی ،انہو ںنے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت صرف پوسٹرز ،بینرز اور پورٹریٹ آویزاں کرنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کسی قسم کے دوسرے ذرائع خصوصا پینا فلکسز ،ہورڈنگز اور وال چاکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی،انہو ںنے مانیٹرنگ افسران پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی فوری اطلاع فوکل پرسن اے ڈی سی جنرل کو دیں تا کہ کاروائی عمل میں لائی جا سکے ،انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کو مکمل غیر جانبداری سے ادا کریں تاکہ مانیٹرنگ کا تمام عمل شفافیت سے سرانجام پائے ،اجلاس میں بتایا گیا کہ امیدواروں کو انتخابی مہم میں کارنر میٹنگز کی اجازت ہو گی جس میں لائوڈ سپیکر کا استعمال سختی سے منع ہے تاہم جلسوں میں انتظامیہ کی اجازت سے لائوڈ سپیکر استعمال ہو سکے گا ،امیدواروں کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی بار بار خلاف ورزیوں پر انہیں 50ہزار روپے تک بھی جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے ۔