سعودی عرب سے امدادی سامان لیکر تین طیارے عدن پہنچ گئے

بدھ 27 جون 2018 18:31

صنعا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور ریلیف نے امدادی سامان سے لدے تین طیارے یمن کے جنوبی شہر عدن پہنچ گئے،جہاں سے اس امدادی سامان کو ساحلی شہر الحدیدہ منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شاہی دیوان کے مشیر اور شاہ سلمان ریلیف مرکز کے نگرانِ اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر یمن میں جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے ایک امدادی پل قائم کردیا گیا اور الحدیدہ سمیت جنگ سے متاثرہ علاقوں میں یمنیوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

عدن اترنے والے سعودی طیاروں پر 70ٹن وزنی خیمے ، کمبل اور خوراک کی اشیا بھیجی گئیں اور انھیں الحدیدہ میں سب سے زیادہ متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔سامان کے ساتھ شاہ سلمان مرکز کی ایک خصوصی ٹیم بھی بھیجی گئی جو امدادی سامان کی تقسیم کے عمل کی نگرانی کرے گی۔