اراضی ریکارڈ سنٹرز میں اعلیٰ نظم ونسق اور سائلان کیلئے خاطر خواہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم

بدھ 27 جون 2018 23:28

فیصل آباد۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں اعلیٰ نظم ونسق اور سائلان کے لئے خاطر خواہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے اور انتظامی افسران سے کہا ہے کہ وہ سنٹرز سے رابطہ کرنے والے شہریوں کی آسائش کا خصوصی خیال رکھتے ہوئے ان کے کام تیزرفتاری سے نمٹائیں تاکہ انہیں طویل انتظار کی زحمت نہ کرنی پڑے ۔

انہوں نے یہ حکم سٹیٹ بینک کے عقب میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹرکااچانک معائنہ کرتے ہوئے جاری کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی احمر سہیل کیفی ،انچارج سینٹر قمر الزمان چٹھہ ودیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے سینٹر میں نادرا کے سسٹم کے ذریعے درخواست دہندگان کے کوائف کی تصدیق سمیت زمینوں کی فردات کے اجراء،درستگی اندراج کے طریقہ کار اوردیگر متعلقہ امورکاجائزہ لیا اور وہاں پر آئے ہوئے سائلان سے ملاقات کرکے سنٹر کی کارکردگی اور پیش آمدہ مسائل دریافت کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سائلان کے لئے آرام دہ انتظار گاہ،پینے کے پانی کا بندوبست،معیاری صفائی ستھرائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سنٹر سے رجوع کرنے والوں کی رہنمائی کے لئے انفارمیشن ڈیسک ہمہ وقت فعال رہنا چاہیے تاکہ درخواست گزاروں کا وقت ضائع نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ رش کی صورت میں موثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور اراضی ریکارڈ سنٹر کے قیام کے فوائد حقیقی معنوں میں لوگوں تک پہنچنے چاہیں۔

متعلقہ عنوان :