Live Updates

پاکستان اور علاقے کے عوام سب سے زیادہ مقدم ہیں اور مقدم رہیں گے، ملک امین اسلم

جمعہ 29 جون 2018 18:34

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ میں اور میرا گروپ اقتدار میں ہو یا اقتدار سے باہر ہمارے لئے پاکستان اور علاقے کے عوام سب سے زیادہ مقدم ہیں اور مقدم رہیں گے، اپنی سوچوں اور اپنے عزائم کے ساتھ الیکشن کی دوڑ سے وقتی طور پر دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کی ویژن کو نقصان سے بچایا جا سکے، وعدوں کی پاسداری مجھے اپنے آبائو اجداد سے ورثے میں ملی ہے انہی روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے میں نے اپنے دوست احباب اور خیر خواہوں کے مشورے سے آج یہ فیصلہ کیا ہے، پارٹی قیادت کے فیصلے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے میں نے عام انتخابات 2018میں حصہ لینے سے دست بردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ملک امین اسلم نے اپنی رہائش گاہ پر جمعہ کی شام ایک بھر پور پریس کانفرنس میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف سیاسی شخصیات اعجاز سیدن ، رانا لیاقت علی ، تیمور اسلم،ضیاء الحق (ججی) کے علاوہ دیگر معززین بھی موجود تھے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ میں نے انتخابات سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا تا ہم میں کچھ وجوہات کی بناء پر اس حلقے سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ کے لوگ اور ضلع اچھی طرح جانتا ہے کہ ضلع میں تحریک انصاف کے ٹکٹ کا سب سے زیادہ حق دار کون تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے سپورٹرز کو اپنی انتخابی دستبرداری پر اعتماد میں لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ جنرل الیکشن ہونے جا رہے ہیں اور پی ٹی آئی کے ٹکٹوں کیلئے مقابلے کی دوڑ لگی ہوئی ہے لیکن پی ٹی آئی کے ٹکٹ کی تقسیم میں کچھ نا انصافیاں اور بے قاعدگیاں ہوئیں جس پر میرے ووٹرز اور میرے گروپ کے لوگوں کا شدید رد عمل آیا اورمجھ پر بھی شدید دبائو رہا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مجھ سے سچی محبت رکھنے والوں میں ہیں ان کا مشن یہی ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو کامیابی دلوا کر ملک کی معیشت کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میرا گروپ اقتدار میں ہو یا اقتدار سے باہر ہمارے لئے پاکستان اور علاقہ کے لوگ سب سے زیادہ مقدم رہے اور رہیں گے، اپنی سوچوں اور اپنے عزائم کے ساتھ الیکشن کی دوڑ سے وقتی طور پر دست بردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کے ویژن کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات