مشاہد حسین سید اچانک لندن پہنچ گئے ، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز سے اہم ملاقات کریں گے

بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے بعد آج و وطن واپسی ہوگی مرکزی میڈیا سیل کے انچارج (ن) لیگی انتخابی حکمت عملی، ملک کی سیاسی صورتحال، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف نیب کی کاروائیوں اور انتخابی مہم سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے مشاہد حسین جمعہ کو نجی ایئر لائن کی پرواز سے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچے ، دورہ 40گھنٹوں پر محیط

جمعہ 29 جون 2018 20:55

مشاہد حسین سید اچانک لندن  پہنچ گئے ، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی میڈیا سیل کے انچارج سینیٹر مشاہد حسین سید اچانک لندن کے دورہ پر پہنچ گئے ہیں، وہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور مریم نواز سے اہم ملاقات کریں گے جبکہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کرنے کے بعد ہفتہ کو وطن واپس چلے جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے خبر رساں ادارے ’’آئی این پی‘‘ کو بتایا کہ مشاہد حسین سید جو جمعہ کو نجی ایئر لائن کی پرواز سے اسلام آباد سے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچے ہیں اور وہ 40گھنٹوں کیلئے برطانیہ کے دورہ پر آئے ہیں ان کی (آج) کسی بھی وقت مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات ہو گی جس میں وہ انہیں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمت عملی، ملک کی سیاسی صورتحال، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف نیب کی کاروائیوں اور انتخابی مہم سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے، مشاہد حسین سید نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کیلئے مریم نواز کی فوری وطن واپسی کیلئے بھی پارٹی رہنمائوں کا پیغام پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاہد حسین سید بیگم کلثوم نواز کی عیادت بھی کریں گے اور وہ (آج) ہفتہ کی رات لندن سے واپس لاہور پہنچ جائیں گے جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے ملاقات کر کے انہیں نواز شریف سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔