سابق صوبائی وزیر اوقاف آزاد امیدوارحلقہ این اے 102 محمد اکرم چودھری اپنے بھتیجے طلال چودھری کے حق میں دستبردار ، طلال چودھری نے اپنے حقیقی چچا اکرم چودھری سے معافی مانگی

اتوار 1 جولائی 2018 22:20

سابق صوبائی وزیر اوقاف آزاد امیدوارحلقہ این اے 102 محمد اکرم چودھری ..
جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جولائی2018ء) سابق صوبائی وزیر اوقاف آزاد امیدوارحلقہ این اے 102 محمد اکرم چودھری اپنے بھتیجے طلال چودھری کے حق میں الیکشن سے دستبردار ، طلال چودھری نے اپنے حقیقی چچا اکرم چودھری سے معافی مانگی ۔برادری کے سر پنچوں کی کوشش سے سیاسی رنجشیں ختم کرکے اکرم چودھری نے اپنے بھتیجے طلال چودھری کو گلے لگا لیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر اوقاف محمد اکرم چودھری آزادامیدوار حلقہ این اے 102محمد اکرم چودھری اور طلال چودھری کے مابین جاری سیاسی خاندانی رنجش کو برادری کے سرپنچوں نے ختم کروا دیا۔ گزشتہ روز اکرم چودھری امیدوار حلقہ این اے 102نے سابق ناظم سیف الحسن چودھری، محمد ایوب نکسن، چودھری مسعود ساجد ، چودھری فیاض الحسن کونسلر،عظیم الحسن چودھری،باسط اشرف چودھری ، فہیم ارشد ، میاں ظفر اقبال ، طلال چودھری کے والدمحمد اشرف چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ برادری اور تاجر تنظیموں ، معززین علاقہ کی مشاورت سے حلقہ این اے 102سے نہ صرف اپنے بھتیجے طلال چودھری امیدوار این اے 102کے حق میں الیکشن سے دستبردار ہوتا ہوں بلکہ مل کر طلال چودھری کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اکرم چودھری نے سیاسی رنجشیں ختم کرکے اپنے بھتیجے طلال چودھری کو گلے لگا لیا۔ طلال چودھری نے صلح کے دوران اپنے حقیقی چچا اکرم چودھری سے باضابطہ معافی مانگی اور کہا کہ سیاسی مخالفین کے لیے کھلا پیغام ہے کہ ہمارا خاندان ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے۔